احتجاج مسترد، آج کاروبار جاری رہے گا:انجمن تاجران

احتجاج مسترد، آج کاروبار جاری رہے گا:انجمن تاجران

لاہور(اے پی پی)تاجر برادری نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے ،جماعت اسلامی کو دھرنوں کی سیاست کے طرزعمل پر نظر ثانی کرنا چاہیے ،مثبت حکومتی اقدامات سے مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے ،سٹاک مارکیٹ بام عروج کو چھو رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران سپریم کونسل نعیم میر نے جماعت اسلامی کی آج پہیہ جام ہڑتال کی کال پر تاجر برادری کے موقف کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر لاہور کی تاجر تنظیموں کے عہدیدار و دیگر تاجربھی موجودتھے ۔ نعیم میر نے کہا معیشت درست ٹریک پر گامزن ہو چکی ہے ، کاروبار بحالی سے تاجر برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے ، حکومتی پالیسیوں سے مہنگائی ،افراط زر،تجارتی خسارہ واضح کم اورروپیہ مستحکم ہوا ہے ،ملک ڈیفالٹ زون سے نکل گیا ، ہر انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی حکومت کے معاشی اقدامات کی معترف ہے لیکن شاید یہ جماعت اسلامی کو اچھا نہیں لگا اور وہ پہیہ جام احتجاج کی کال دے رہی ہے ۔ملک سڑکیں بند کرکے نہیں بلکہ چلانے سے چلتے ہیں،جماعت اسلامی کی شناخت پریشر گروپ کی بن رہی ہے ، اسکواحتجاجی سیاست پر نظر ثانی کرنی چاہیے ، تاجروں کو بار بار آزمائش میں نہ ڈالے ،ریاست کو چلنے دے ،مثبت تجاویز کے ساتھ ریاست چلانے کی بات کرے ۔انہوں نے کہا آج اتوار کو کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شاہراہوں کوکھلا رکھا جائے ،شہریوں کی آمدورفت میں ہر رکاوٹ کو ختم کیا جائے ، تمام صوبائی حکومتیں جماعت اسلامی کے غیر قانونی دھرنے ختم کرانے میں کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں