بلوچستان:دہشتگردوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے7مزدور قتل کردیئے

بلوچستان:دہشتگردوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے7مزدور قتل کردیئے

کوئٹہ (کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ بلو چستان کے علا قے پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے گھرمیں گھس کر فائرنگ کرکے 7مزدوروں کو قتل کردیا جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھرمیں گھس کر فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ سے  جاں بحق ہونیوالے افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع ملتان کی تحصیل شجاع آباد سے ہے اوران کی شناخت ساجد ،شفیق ،فیاض ،افتخار ،خالد ،سلمان اوراللہ وسیا کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی مزدورکا نام بلال ہے ۔ واقعہ کے بعد زخمی شخص اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پنجگور منتقل کردیاگیاجبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔صدرآصف علی زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اظہا رکیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاکہ آج دھرتی پر پھر بے گناہ لوگوں کا خون گراجو انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے دہشت گردوں کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت سے بے بہرہ ہیں،ہم چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں