شمالی وزیرستان:غیر ملکیوں کولے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کرتباہ،6افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان:غیر ملکیوں کولے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کرتباہ،6افراد جاں بحق

لاہور (نیوزرپورٹر ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں غیرملکیوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 افراد جاں بحق،8زخمی ہوگئے ، ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ پیدا ہوا۔

 ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہُوئے ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا،ترجمان ماڑی پٹرولیم نے بتایا کہ ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر کو انجن فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، ہیلی کاپٹر میں 3 روسی پائلٹ سمیت 14 مسافر سوار تھے ،ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن فراہم کررہا تھا، پاک فوج اور دیگر اداروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ تھل منتقل کیا گیا ،ترجمان ماڑی پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر شمالی وزیرستان میں پرواز کے دوران ایک آئل فیلڈ کے قریب گرکرتباہ ہوا، حادثہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر پیش آیا، حادثے کا علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال یادہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ۔حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ہیلی کاپٹر ایم آئی آٹھ پرانا ماڈل ہے اس کو اکثر روسی یا یوکرینی پائلٹ اڑاتے ہیں یہ ہیلی کاپٹر ایک غیر ملکی کمپنی کی ملکیت تھا ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی،انہوں نے کہا جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،زخمیوں کو علاج معالجہ کی ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں