این اے 231،دوبارہ گنتی کے دوران شدید ہنگامہ آرائی

این اے 231،دوبارہ گنتی کے دوران شدید ہنگامہ آرائی

کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسیاں)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی ، مشتعل افراد نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جبکہ نقاب پوش افراد نے ووٹوں کے تھیلے کو آگ لگا دی جبکہ ایک تھیلا لے کر فرار ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق این اے 231 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران بیلٹ پیپرزچوری ہونے اور جلانے کی اطلاع ملتے ہی پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے اورایک دوسرے کے  خلاف نعرے بازی شروع کردی ۔ مشتعل افراد نے الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھاوا بول کر کانچ کی بوتلوں سے حملہ کی اور توڑ پھوڑ کی، جس پر پولیس اور رینجرز کی مزید نفری کو طلب کرلیا گیا ۔الیکشن کمیشن سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ایک ہفتے کیلئے روک دی اور فوری رپورٹ طلب کرلی اور کہا معاملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی گرفتاری نہیں ہوئی نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کریں گے ۔ دوبارہ گنتی کیلئے عام انتخابات 2024 ئمیں کامیاب ہونے والے امیدوار عبدالحکیم بلوچ، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خالد محمود اور اس حلقے سے الیکشن میں حصہ لینے والے دیگر امیدوار بھی موجود تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں