ایس سی او اجلاس ،تعاون کے مزید شعبوں کی نشاندہی کی:اسحق ڈار

ایس سی او اجلاس ،تعاون کے مزید  شعبوں کی نشاندہی کی:اسحق ڈار

اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا انعقاد اور میزبانی کرنا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔

پاکستان نے رکن ممالک کے درمیان مزید تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جس میں رابطوں میں اضافہ، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔اجلاس نے اپنے ا علامیہ میں تحفظ پسندانہ اقدامات، یکطرفہ اور تجارتی پابندیوں کی مخالفت کی جو کثیر الجہتی تجارتی نظام کو کمزور کرتے ہیں اور عالمی پائیدار ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ کے ہمراہ کونسل آف دی ہیڈ آف گورنمنٹ (سی ایچ جی)شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مزید کہا سی ایچ جی شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان کے پرسکون اور پرامن دارالحکومت میں اختتام پذیر ہوئی جو مارگلہ کے دامن میں واقع ہے ۔ مشترکہ اعلامیہ معیشت، تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، صحت عامہ، ثقافت، غربت کے خاتمے اور خواتین وغیرہ کا احاطہ کرنے والی جامع دستاویز ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ نے اپنے خطاب میں پاکستان کو اس طرح کے اعلیٰ سطح اجلاس کی میزبانی کے لئے زبردست کوششیں کرنے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے ،ایس سی او کی شاندار کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان ایس سی اوکا متحرک اوراہم رکن ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں