آنیوالے دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں دینگے :عطا تارڑ

آنیوالے دنوں میں عوام کو مزید  خوش خبریاں دینگے :عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جلا گھیرا اور لوگوں کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی،کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں نشان عبرت آپ نہیں اسٹیٹ بنائے گی۔

گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الحمد اللہ ایس سی او سربراہ کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی ہے ، ایس سی او سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے ،آنے والے مہمانوں نے خطے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا،مہمانوں نے ایس سی او سربراہ کانفرنس کے انتظامات کی بھی تعریف کی، وزارت خارجہ، اطلاعات سمیت تمام اداروں نے ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ 27 سال بعد پاکستان میں ایک اہم بڑا ایونٹ منعقد ہوا ہے ،پاکستان کے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں،آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوش خبریاں آئیں گی۔ایس سی او سربراہ کانفرنس کے موقع پر اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں،تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت کامیاب ایس سی او کانفرنس کا انعقاد ہوا،آکسفورڈ کے چانسلر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اہم خبر آئی ہے ، مہذب معاشروں کے اندر قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقدمات میں ملوث افراد کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی،آکسفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کو امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا،تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے ،انہوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے ، 9 مئی کو حملے کئے اور شہدائکی یادگاروں کو مسمار کیا، ایس سی او کانفرنس کے دوران احتجاج کی کال دی،یہ غیر سنجیدہ دھمکی ہے ، ان کے اندر اتحاد و اتفاق نہیں، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، ان کے آپس کے اختلافات ہیں، اب لوگوں کو دھمکا رہے ہیں، جنہوں نے ملک کے ساتھ غدداری کی ان کی مثالیں سب کے سامنے موجود ہیں۔اپنے دور حکومت میں انہوں نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ قوم جانتی ہے ۔پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، کوئی سیاسی جماعت ملک سے بڑی نہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و سکون سے معاملات آگے بڑھیں گے ، معیشت ترقی کر رہی ہے ، خارجہ پالیسی پر ہم آگے بڑھے ہیں، جلائوگھیرائواور لوگوں کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں