جسٹس منصور کا آئینی ترمیم سے کوئی تعلق نہیں:مصدق ملک

جسٹس منصور کا آئینی ترمیم سے کوئی تعلق نہیں:مصدق ملک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا آئینی ترامیم کے حوالے سے ابھی مشاورت کا عمل جاری ہے ، آج ن لیگ کے ساتھ مشاورت ہورہی ہے کل پیپلزپارٹی کے ساتھ جے یوآئی بات کرے گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا یہاں تک کہ سلمان اکرم راجا بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ جو مسودہ مولانا صاحب کا ہے وہ ہمیں قابل قبول ہے ، شیخ وقاص ہراساں کرنے سے متعلق جو ویڈیوز کا دعویٰ کررہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ان کو ریلیز کریں،یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ پانچ دن بعد ریلیز کریں گے ۔ کوشش کی جارہی ہے کہ آئینی ترامیم پر مکمل اتفاق رائے پیدا کیا جائے ،جسٹس منصورعلی شاہ کو میں بڑا اچھا جانتا ہوں،جس زمانے میں ہم سٹوڈنٹ تھے یہ بھی سٹوڈنٹ تھے ، اس کے بعد بڑے مایہ ناز وکیل بنے ،جسٹس منصورعلی شاہ کا اس تکرار اور ترمیم سے کوئی تعلق نہیں ہے ،یہ پراسس چلتا رہے گا،اگر جسٹس منصورعلی شاہ کا نوٹیفکیشن پہلے ہوجائے تو ہوجائے گا،اگر مشاورت کل جلدی مکمل ہوجاتی ہے تو اس کا بھی نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہمیں وفاقی آئینی عدالت کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ، سپریم کورٹ اس ملک کی اعلیٰ آئینی عدالت ہے ،تحریک انصاف آئینی ترامیم میں کسی بھی سطح پر حصہ دار نہیں ،تحریک انصاف ایسی کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جس سے ملک وقوم کا نقصان ہو اور بعد میں لوگ ہم پر الزام دھریں۔ہمارے ایم این ایز کوہراساں کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے ہم نے ان کو چھپا رکھا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں