جبر سے لائی جانے والی آئینی ترمیم غیر آئینی ہو گی:شاہ محمود

جبر سے لائی جانے والی آئینی ترمیم غیر آئینی ہو گی:شاہ محمود

لاہور (عدالتی رپورٹر)پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا ہونا بڑی عزت کی بات ہے ،ایس سی او اجلاس کے غیر ملکی مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

عدالت میں پیشی کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ترمیم پر شدید تحفظات ہیں، جلد بازی میں آئینی ترمیم سے ملک کا نقصان ہے ، حکومت آئینی ترمیم زبردستی منظور کرانا چاہتی ہے ،جبر اور دباؤ سے لائی جانیوالی آئینی ترمیم غیر آئینی ہو نگی۔ سینیٹر اعجاز چودھری نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ حکومت کا ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے ،مجھ پر بھی سختیاں کی جارہیں، بیماری کے باعث جسم پر نشانات بن چکے مگر ہم گھبرانے والے نہیں ہر حال میں بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔ یاسمین راشد نے کہا کہ آئینی ترمیم کی مذمت کی جانی چاہیے اسکا ملک کو بہت نقصان ہو گا، یہ ترمیم مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کی وجہ سے لائی جا رہی ہے ،یہ ترمیم عدلیہ کو تباہ کرکے رکھ دیگی ملک میں انصاف ختم ہو جائیگا ،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں