طلبہ کورہنمائی کی ضرورت
اسلام آباد(اے پی پی) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کی یونیورسٹیوں کو عالمی تقاضوں اور جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے ،ہمارے طلبہ باصلاحیت ہیں مگر انہیں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔
افسوس کہ ہم نے تعلیم پر وہ توجہ نہیں دی جو دینی چاہیے تاہم مستقبل کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں تعلیمی نظام کو مثالی بنانا ہوگا۔ ویمن امپاورمنٹ اور یوتھ انگیجنٹ جیسے مقاصد کے حصول کیلئے عالمی معیار کی تعلیم کاحصول اور فروغ ضروری ہے ۔ فیصل کریم کنڈی سے یونیورسٹی بزنس اینڈ لا سکول بکنگھم شائر برطانیہ کی ڈین سارہ ویلیم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سارہ ویلیم نے خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیاجبکہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے برطانوی تعلیمی نظام کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ ملاقات خیبرپختونخوا میں تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کی مثبت پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے ۔