وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس :پنجاب ڈویلپمنٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور ہار ٹیکلچر اتھارٹیز بنانے کا فیصلہ
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ،واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور ہارٹیکلچر کیلئے اتھارٹیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے تین صوبائی اتھارٹیز بنانے کی منظوری دے دی۔ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی،پنجاب واٹراینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی اور پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کے قیام کیلئے باقاعدہ قانون سازی ہو گی۔ اتھارٹیز مرکزی سطح پر پالیسی اور پلان تشکیل دیں گی۔ لوکل لیول پر ڈویلپمنٹ،واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور ہارٹیکلچر پرعملدرآمد یقینی بنائیں گی۔ اجلاس میں صوبائی اتھارٹیز کیلئے گورننگ بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل بنانے ،لوکل لیول پر مینجمنٹ بورڈ اور منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سٹریٹ لائٹس کوسولر انرجی پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزرابلال یاسین،ذیشان رفیق،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ اور بلدیات ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔