ٹیکس نظام کو موثربنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اہم :شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم نے ٹیکس کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔
اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے ایف بی آر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ افسروں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور اسے مؤثر طور پر بروئے کار لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ملک میں ٹیکس کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے ،انہوں نے سمگلنگ کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کودوستانہ ماحول اورسہولتیں فراہم کریں ۔ شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے دن پر ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل طلب ہیں، اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے ، ہم اس دنیا کو سب کیلئے ایک بہتر جگہ بنانے کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ۔شہبازشریف نے انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران ملک کو پولیوسے پاک کرنے کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے ہیلتھ ورکرز کوحقیقی ہیروز قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کوپولیو کے مرض سے پاک کرنے کیلئے ہمیں متحدہوکرنئے سرے سے کوششوں کو یقینی بناناہوگا ۔ وزیراعظم نے بچوں کوپولیوکے قطرے پلاتے ہوئے 28اکتوبرسے انسدادپولیو کی قومی مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمی سے پولیو کے 40کیسز سامنے آئے ہیں، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک یہ وائرس پاکستان کی سرحدوں سے چلا نہیں جاتا ۔بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نئے تعینات ہونیوالے کمیونٹی و لیبر ویلفیئر اتاشیوں سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہئے ، بیرون ملک پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں۔