نئے چیف جسٹس کی ذات سے ہمیں اعتراض نہیں :پی ٹی آئی

نئے چیف جسٹس کی ذات سے ہمیں اعتراض نہیں :پی ٹی آئی

اسلام آباد، لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر، عدالتی رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ آئینی ترامیم کی آڑ میں ایک سانحہ کردیا گیا ہے ، بہت جلد قوم کو اندازہ ہوگا ۔

 چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دنیا یاد رکھے گی جسٹس قاضی فائز کا کردار کیا تھا،نئے چیف جسٹس کی ذات سے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی بارہواہے عدالت کے اندرایک اورعدالت قائم کی گئی، جوڈیشل کمیشن میں نان ججز کی تعداد 8 جبکہ ججزکی تعداد5 رکھی گئی، اب جو 8ممبران ہیں وہ ججز کی اے سی آر لکھیں گے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیشہ سے اصول رہا کہ نئے سینئر ترین چیف جسٹس بنتے ہیں، اصول سے روگردانی سے غلط تاثر جائے گا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹر ی جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی گھریلوخاتون ہیں ان کاسیاست سے کوئی تعلق نہیں ، وہ اس لیے پشاور گئیں کہ پھر کوئی جھوٹا مقدمہ نہ بنا دیا جائے ، جسٹس یحیی آفریدی بہترین جج ہیں ہمارا مسئلہ ان کی ذات سے متعلق نہیں۔انھوں نے بتایا کہ ایک تاثر دیا جا رہا ہے کہ پارٹی لیڈر شپ ختم ہوگئی ہے تو ایسا کچھ نہیں، آئینی ترامیم کی آڑ میں ایک سانحہ کردیا گیا ہے ، بہت جلد قوم کو اندازہ ہوگا۔ ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ جسٹس یحیی آفریدی کا چیف جسٹس بننا ہمارے صوبے خیبر پختونخوا کے لیے فخر کی بات ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں نئے چیف جسٹس انصاف کریں گے ۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ \"الحمدللہ عمران خان کی دونوں بہنوں کی ضمانت منظور ہوگئی ہے ، بہت جلد میرا لیڈر بھی عوام کے درمیان ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں