پیپلز پارٹی کا آئینی ترمیم کی خوشی میں ریلیاں نکالنے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا آئینی ترمیم کی خوشی  میں ریلیاں نکالنے کا اعلان

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی خوشی اور حق میں 28 اکتوبر پیر کو سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے جمعہ کو جاری پالیسی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان آئینی ترمیم کی منظوری کے حق اور خوشی میں پیر کو سندھ بھر کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالیں گے ۔ ریلیاں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد،سکھر اور لاڑکانہ میں نکالی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی تمام اضلاع کی تنظیمیں اپنے اپنے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں نکالی جانے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم بننے کا وقت قریب آچکا ہے ، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوئی ہے ، ججز تقرری میں پارلیمنٹ کے کردار سے جوڈیشل ایکٹوازم میں کمی آئے گی۔ ادھرپیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی ڈویژن آئینی ترمیم کی منظوری پر اظہار تشکر کے طور پر 28 اکتوبر کی شام مزار قائد کے باہر جشن منائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 اکتوبر 1947 میں بھارتی جارحیت کے خلاف ہر سال کی طرح اس سال بھی آل پارٹیز حریت کانفرنس کے تحت آرٹس کونسل تا کراچی پریس کلب نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن بھرپور شرکت کرے گی ۔ اس ریلی میں بھی شہر بھر سے ہمارے کارکنان شرکت کریں گے اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں