وزیراعلیٰ جلد روڈامیں صحافیوں کو پلاٹ دیں گی :عظمیٰ بخاری

وزیراعلیٰ جلد روڈامیں صحافیوں کو پلاٹ دیں گی :عظمیٰ بخاری

لاہور (دنیانیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز روڈا میں 3200 صحافیوں کو جلدپلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر دیں گی، صحافی کالونی لاہور کے ایف بلاک کے الاٹیوں کے ڈیمارکیشن لیٹر ان کے حوالے کر دئیے ہیں۔

مجھے صحافیوں کی فلاح کے لئے کام کر کے بہت خوشی ہوتی ہے ،میرے لئے تمام رپورٹرز اور کیمرہ مینز برابر ہیں، میں نے کیمرہ مینوں کے لئے پلاٹس کی بڑی جنگ لڑی ہے ۔ صحافیوں کے لئے مخصوص گرانٹ کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ،اللہ کرے پنجاب کا خزانہ اتنا مضبوط ہو کہ میں صحافیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں۔انہوں نے لاہور پریس کلب میں "میٹ دی پریس"میں خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی ہے کہ میری لیڈر مریم نواز ہیں،وہ صحافیوں کی فلاح کے لئے ہر بات پر فوراً مان جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب خود آ کر صحافیوں کیلئے پریس کلب میں 5 کروڑ کا چیک دینا چاہتی تھیں مگر وہ جلد صحافیوں کو پلاٹس تقسیم کرنے آئیں گی۔ جلد ہی اس نئی سکیم کے لئے درخواستیں مانگ لی جائیں گی، جن میں ڈی جی پی آر، ریڈیو پاکستان ، پی ٹی وی اور اے پی پی کے ملازمین کا کوٹا بھی ہوگا۔ صحافی خواتین کے لئے وزیراعلٰی سے سکوٹیز کا اعلان جلد کرواؤں گی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ عظمٰی بخاری ہمارے لئے وزیر نہیں ہیں بلکہ بہن کی طرح ہیں،یہ حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں ان کا رویہ ہمیشہ ایک جیسا ہی رہا ہے ، یہ بہترین صحافی دوست وزیر ہیں۔ ہم وزیراعلٰی مریم نواز کے بھی انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے لاہور پریس کلب کو 5 کروڑ روپے کی گرانٹ دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت عظمٰی بخاری پر صحافیوں کو دھمکی دینے کا غلط الزام لگایا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں