9مئی ،بانی پی ٹی آئی نے عوام کو فوج کیخلاف اکسایا:پولیس چالان
راولپنڈی (خبر نگار)بانی پی ٹی آئی کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کے عبوری چالان کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی ، عبوری نامکمل چالان زیر دفعہ 173 کے تحت تفتیشی آفیسر انسپکٹر ناظم شاہ نے عدالت میں جمع کرایا جس کی کاپی بانی پی ٹی آئی کو انسداد دہشتگری کی عدالت میں تقسیم کی گئی۔
نو مئی کے واقعات کی سازش اچانک نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔ چالان میں الزام عائد کیا گیا یہ حکومت وقت کا تختہ الٹنے کی سازش تھی جس کا آغاز اگست 2022 میں کیا گیا۔ نو مئی کو ریاست پاکستان کیخلاف جنگ Waged War چھیڑی گئی تاکہ دوبارہ اقتدار پر قبضہ کیا جا سکے ۔ ملک بھر میں واقعات میں نیت مشترکہ تھی کہ ریاست کیخلاف اعلان جنگ کیا جائے ۔ چالان کے مندرجات کے مطابق شہریار آفریدی کے سوشل میڈیا پر احتجاج کیلئے اکسانے کی ویڈیوز بھی قبضہ میں لی گئیں۔ بانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر تقاریر اور بیانات یو ایس بی کی صورت میں قبضہ میں لیے گئے ، بانی پی ٹی آئی نے اپنی تقاریر کے ذریعے عوام کو پاک فوج کے خلاف اکسایا جس سے نو مئی کا سانحہ ہوا۔ 4جولائی 2023کو بانی پی ٹی آئی کو مقدمہ میں نامزد کیا گیا۔
شہباز گل، علی امین گنڈا پور، خادم کھوکھر، مراد سعید بھی عوام کو اکسانے کے ملزم ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے سو صفحات پر مشتمل سوشل میڈیا پوسٹوں کے شواہد بھی چالان میں شامل ہیں۔ 41اخباری تراشے ، 256ایف آئی آرز کی کاپیاں 15تصاویر بھی شامل ہیں۔ چالان کے مندرجات کے مطابق تفتیشی افسر مقدمہ نمبر 708انسپکٹر ناظم شاہ نے درج کیا کہ آئی ٹی لیب پولیس کی جانب سے شہریار آفریدی کے اشتعال انگیز بیان کی ویڈیو ملی جس میں ملزم جی ایچ کیو پر حملہ کرنے کی تر غیب دے رہا جس پر مقدمہ میں جرم ATA)I(21 کا اضافہ کیا گیا، چار پارسلز میں پٹرول بم کے شیشے کے ٹکڑے ، آٹھ پارسلز ٹائروں کی راکھ کے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوائے گئے ۔ تفتیشی آفیسر نے تحریر کیا کہ جب موقع پر پہنچاتو ہر طرف افراتفری اور خوف وہراس پھیلا ہوا تھا۔ پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے پورے پاکستان میں ایک ہی دن بڑی سازش کے تحت اہم عسکری سرکاری تنصیبات اور شخصیات پر حملے کئے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے یہ لوگ خفیہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کو ہدایات جاری ہو رہیں۔ بد ترین حالات کرکے پاکستان میں بغاوت کا سماں پیدا کر رہے ہیں۔
چالان کے مندرجات کے مطابق راولپنڈی ریجن میں نو مئی سے 13مئی 2023کے درمیان راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں دہشتگری کے 62واقعات ہوئے جن میں حساس و سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار افراد ہلاک، 250زخمی ہوئے جن میں 184پولیس اہلکار اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔98سرکاری 41پرائیویٹ گاڑیاں تباہ، کئی عمارتوں کو آگ لگائی گئی۔ یہ تمام واقعات اور حملے اچانک وقوع پذیر نہیں ہوئے بلکہ سوچی سمجھی مجرمانہ سازش کا نتیجہ ہیں۔ جے آئی ٹی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر پیمرا نے 22اگست کو بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کے قومی و صوبائی کارکنوں کے بیانات کی ریکارڈنگ مہیا کی جن میں افواج پاکستان اور حکومت کیخلاف لوگوں کو اکسایا گیا۔ حساس اداروں کی تنصیبات پر حملے کرکے وفاقی صوبائی حکومتوں اور پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا جائے اور پی ٹی آئی دوبارہ اقتدار میں آ جائے ۔ چالان کے مطابق صفحہ مثل پر موجود شہادت سے یہ بات عیاں ہے کہ جو سازش نو مئی سے قبل شروع کی گئی تھی وہ اب بھی جاری ہے اور دوبارہ ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے لہذا سکیورٹی ادارے چوکس رہیں۔چالان کے مندرجات کے مطابق تمام حالات و واقعات اور شواہد سے عیاں ہے کہ یہ وقوعہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے نتیجے میں اچانک اشتعال انگیزی کے طور پر وقوع پذیر نہیں ہوا بلکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جب 2022 میں وزیراعظم کے عہدے سے ہٹایا گیا تو انہوں نے اپنی پارٹی کی قیادت کیساتھ ملکر باقاعدہ سازش کے تحت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اس سازش کا آغاز کیا کہ حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے اس کیلئے جھوٹے پراپیگنڈے کا سہارا لیا گیا۔
چالان کے مندرجات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالتے ہوئے پہلے جھوٹ پر مبنی سائفر کا پراپیگنڈا کیا اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔پوری قوم کو جھوٹے بیانیہ کے پیچھے لگایا اور اتنا اشتعال دلایا کہ وہ پاک فوج کے سامنے کھڑے ہو گئے ، اس جھوٹے پراپیگنڈے کا عملی آغاز بانی پی ٹی آئی نے اس وقت کیا جب پارٹی کے ترجمان شہباز گل نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں اگست 2022میں افواج پاکستان کے افسران کو تقسیم اور بغاوت پر اکسایا۔ شہباز گل نے اس حوالے سے درج مقدمہ میں بیان بھی دیا کہ یہ بیان میں نے پارٹی پالیسی کے مطابق دیا اور اپنے بیان پر قائم ہوں۔ اسی سلسلہ کی کڑی علی امین گنڈا پور کی ایک لیک آڈیو بھی ہے جس میں کہا گیا ہم عوامی طاقت سے اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے ۔پولیس راستے میں آئی تو ہم اسے پولیس نہیں بلکہ پی ڈی ایم ورکرز کے طور پر لیں گے ۔چالان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے نو مئی 2023کو صبح لاہور سے نکلتے ہوئے سوشل میڈیا بیان جاری کیا کہ یہ لوگ مجھے پکڑنا چاہتے ہیں، یہ ہو سکتا ہے کہ ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوں بلکہ اس سے بھی برے ہوں آپ اپنے حقوق کیلئے نکلیں۔ چالان سید ناظم حسین انسپکٹر کی جانب سے 22نومبر 2023کو تیار کیا گیا جس پر ایس پی پوٹھوہار وقاص خان، اے ایس پی کینٹ انعم شیر، ایس ایچ او تھانہ آر اے بازار اور سلیم قریشی سب انسپکٹر انچارج آئی ٹی لیب پر مشتمل جے آئی ٹی کے دستخط موجود ہیں۔