چیمپئنز ٹرافی کیلئے ترکش میں پرانے تیر سجانے کی تیاری

چیمپئنز ٹرافی کیلئے  ترکش میں  پرانے  تیر  سجانے  کی  تیاری

لاہور(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ میں پرانے کھلاڑیوں کی واپسی متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق فخر زمان، شاداب خان اور امام الحق کی سکواڈ میں شمولیت متوقع ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں واحد وکٹ کیپر کپتان محمد رضوان ہوں گے جبکہ اس بڑے ایونٹ میں 4 فاسٹ بالرز شامل ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے سکواڈ میں 3 سپنرز کی بھی شمولیت کا امکان ہے ۔فاسٹ بالرز میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے ساتھ چوتھے فاسٹ بالر محمد حسنین ہوسکتے ہیں جبکہ ابرار احمد اور سفیان مقیم کے ساتھ تیسرے سپنر کی حیثیت سے سکواڈ میں سابق نائب کپتان شاداب خان کی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے ،علاوہ ازیں سکواڈ میں 7 بیٹرز کو رکھا جائے گا۔شاداب خان کو جون 2024 میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ امام الحق نے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف اپنا آخری ون ڈے کھیلا تھا، فخر زمان جن کا پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ فٹنس سے مشروط کیا ہوا ہے ۔فخر زمان کو سلیکٹرز نے آسڑیلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دوروں کے لیے منتخب نہیں کیا تھا جس کے بعد حال ہی میں چیمپئنز ٹی 20 میں فخر زمان نے مارخورز کے لیے کھیلتے ہوئے 10 میچو ں میں 30.30 کی اوسط سے 303 رنز 2 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے ۔واضح رہے کہ منی ورلڈ کپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن 19 فروری سے 9 مارچ 2025ء تک پاکستان اور یو اے ای میں کھیلا جائیگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں