توشہ خانہ ٹو :عمران ، بشریٰ بی بی کی بریت کیلئے درخواستیں دائر

توشہ خانہ ٹو :عمران ، بشریٰ بی بی  کی بریت کیلئے درخواستیں دائر

راولپنڈی ،اسلام آباد(خبرنگار، اپنے نامہ نگارسے ،کورٹ رپورٹر، نیوزایجنسیاں)توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ،ملزموں نے بریت کیلئے درخواستیں دائر کردیں۔

 ایف آئی اے نے کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست کل 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلا ت کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی طرف سے سلمان اکرم راجہ ،سلمان صفدر سمیت 4وکلا نے سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں وکالت نامے جمع کرادئیے ،انہوں نے دونوں ملزموں کی کیس سے بریت کیلئے درخواستیں دائر کیں ،ایف آئی اے پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی گئی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں کمرا عدالت میں حاضرتھے ۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ جان بوجھ کر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جا رہی، بریت کی درخواست فائل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس پر سماعت نہ ہو سکے ۔ عدالت نے بریت کی درخواستوں پر ایف آئی اے سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔

بی بی بشریٰ کی ضمانت کیخلاف ایف آئی اے کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں بشریٰ بی بی کو ضمانت دی ،سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ 263 دن کسی کو جیل میں رہنے کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جا سکتی،استغاثہ کے پاس شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا،سپریم کورٹ ضمانت خارج کرے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست کل 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت سے جاری تحریری حکمنامہ میں کہاگیا کہ عمران خان کی درخواست ضمانت پر عائد پرانے وکالت کااعتراض ختم کردیاگیاہے اورٹرائل کورٹ کے ضمانت مسترد کرنے کے تصدیق شدہ آرڈر کی کاپی جمع کرانے پر رجسٹرار آفس درخواست ضمانت پر نمبر لگا کر پیر کو سماعت کیلئے مقررکرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں