ٹیکس ہدف میں ناکامی، ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تبادلے
لاہور(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کے بعد ان لینڈ ریونیو سروسز کے گریڈ 17 سے 20 کے 60 افسروں کے تبادلے اور تقرریاں کردیں۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی، لاہور میں تعینات کئی ایڈیشنل،ڈپٹی،اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے وتقرریاں کی گئی ہیں۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ،حیدر آباد، اسلام آباد،سیالکوٹ، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی گوجرانوالہ کے متعدد ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل بھی کیاگیا ہے ، نئے تبادلوں اور تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔وفاقی ریونیو بورڈ نے گریڈ 20 کے 2، گریڈ 19کے 5،گریڈ 18کے 41 اور گریڈ 17 کے 12 افسروں کے تبادلے اور تقرریاں کی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کا ٹیکس ہدف حاصل نہیں کرسکا جبکہ گزشتہ ماہ نومبر کا ٹیکس ہدف بھی ایف بی آر نے حاصل نہیں کیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں اپنے ہدف سے 180 ارب روپے سے کم وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ نومبر میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا ۔