سپریم جوڈیشل کونسل:ججز کیخلاف30شکایات خارج،5پر جواب مانگ لیا
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس سپریم کورٹ بلڈنگ میں ہوا۔سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کے لیے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
چیف جسٹس کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہاشم کاکڑ نے شرکت کی،سپریم کورٹ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کا معاملہ زیر غور آیا۔جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم کمیٹی ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم پر تجاویز پیش کرے گی۔جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف 35 انفرادی شکایات کا جائزہ لیا جن میں سے 30 شکایات خارج کر دی گئیں جبکہ پانچ شکایات پر جواب مانگ لیا گیا ہے ۔اعلامیہ میں کسی جج کے خلاف شکایت کی تفصیل یا نام کا ذکر نہیں کیا گیا۔