بلاول بھٹو کی حکومت پر تنقید فرینڈلی فائر :تھنک ٹینک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کچھ تحفظات ہیں جس کا بار بار ذکر ہوتا ہے ، اس حوالے سے بلاول بھٹو بھی حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت سازی کے وقت کئے گئے معاہد ے پرعمل نہیں کررہی ،ان معاہدوں کے بارے میں قوم کوبتایاجاناچاہئے ، پیپلز پارٹی نے بڑے منصب لے کر اقتدار میں اپنا حصہ پکا کرلیا جبکہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کررہی ہے ، دو کشتیوں کی یہ سواری چل نہیں سکتی،اس لئے پیپلز پارٹی معاہدہ کی تفصیل سب کو بتائے ۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے اورتمام سیاسی جماعتیں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے کیلئے نئے بیانات دیتی رہتی ہیں،بلاول بھٹو کے حکومت سے اختلافات سنجیدہ نہیں ،وہ سیاسی بیانیہ بناتے ہیں،سیاسی ساکھ کیلئے حکومت پر تنقید کرتے رہتے ہیں ،پیپلز پارٹی کے حکومت کو چھوڑدینے کا دور تک امکان نہیں ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے بیانات سے حکومت کو کچھ نہیں ہو گا،نہ ہی حکومت پریشان ہے ،تنقید اس وجہ سے کرتے ہیں اب ان کے پاس سیاست کرنے کیلئے کچھ بچا ہی نہیں ،ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف اقتدار کے مزے لیں دوسری طرف اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔ تجزیہ کار عامر ضیا نے کہا کہ بلاول بھٹو جو ہر دوسرے دن تنقید کرتے ہیں یہ فرینڈلی فائر ہے ،اس کیلئے پیپلز پارٹی حکومت سے راستہ الگ بھی نہیں کرسکتی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ یہ دونوں مجبوریوں کے ساتھی ہیں، پیپلز پارٹی ایک ٹکٹ میں دو مزے لے رہی ہے ،بلاول بھٹو اس وجہ سے تنقید کرتے ہیں انکی جماعت پیپلز پارٹی نے اگلے الیکشن میں ووٹ لینا ہے ،وہ چاہتے ہیں کہ ہم بطور متبادل آئیں ۔