نیب تقرریاں:چیئرمین ،وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے نیب میں تقرریوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق دو رکنی آئینی بینچ نے نیب افسران کی تقرریوں میں بے قاعدگیوں کے خلاف سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ایاز میمن کی درخواست کی سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 2012 ئمیں نیب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے ڈائریکٹر کی بھرتیاں ہوئی تھیں، سپریم کورٹ کی ہدایت پر کمیٹی نے ان تقرریوں کا جائزہ لیا تھا، بھرتیوں میں کچھ افسر براہ راست جبکہ کچھ دیگر محکموں کے توسط سے تعینات ہوئے ، درخواست گزار ایگزیکٹو انجینئر ورکس اینڈ سروسز ایاز میمن بھی بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب تعینات ہوئے ، 2017 ئمیں سپریم کورٹ نے نیب میں بھرتیوں سے متعلق از خود نوٹس لیا جس کے بعد عدالتی کمیٹی نے جعلی دستاویزات اور غیر متعلقہ شعبوں کا تجربہ رکھنے والے افسران کو ہٹا دیا تھا۔