پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم :ٹی ٹی پی کیلئے چائے کی پیالی پرکس نےبارڈرز کھلوائے؟اسحٰق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ ایک چائے کے کپ پر سخت فیصلے کئے گئے جس کی وجہ سے 40 سے 45ہزار ٹی ٹی پی کے لوگ پاکستان داخل ہوئے ،دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہو گئی۔
ملکی معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن ہے ، 2024 ہمارے لئے اہم سال تھا، بہت سے چیلنجز درپیش تھے ، کہا جاتا تھا کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہے ، ہمارے دور میں تمام شعبوں میں کام شروع ہوا ، 40 سے 45 ہزار ٹی ٹی پی کے لوگ واپس پاکستان آئے اور ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس نے چائے کی پیا لی پر ان کے بارڈرز کھلوا ئے اور کس نے ٹی ٹی پی کے لوگوں کو آزاد کیا؟ اسحق ڈار نے مزید کہا کہ 67ارب سالانہ یوکے اور17ارب یورپی یونین کے ممالک سے ریونیو آتا تھا، 84ارب روپے سالانہ اتنے سال تک نقصان ہوا، یہ کوئی چھوٹا نقصان نہیں ہوا ، دریں اثنا دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے نائب وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے کئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے کوشاں ہیں، مہنگائی 5 فیصد پر آچکی ، وزیراعظم نے بجلی بلوں میں ریلیف دیا، حکومت جوہری سے اقتصادی طاقت تک کے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور دنیا میں اسے اہم مقام دلانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
پاکستان میں تقریبا 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اشارے ملے ہیں، پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی سے قومی فضائی کمپنی کو 87 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے ، حکومت نے اپنے ابتدائی 10 ماہ کے دوران پاکستان کے سفارتی رابطوں کو بڑھانے کی کوشش کی اور اس تاثر کو دفن کیا کہ پاکستان تنہا ہے ، مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت مخلوط حکومت کو تقریباً 25 فیصد پالیسی ریٹ، جی ڈی پی کی سست شرح نمو اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے بڑے چیلنجز ورثے میں ملے تاہم حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں نے پالیسی ریٹ کو 13 فیصد، افراط زر 5 فیصد سے کم اور ترسیلات زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور برآمدات میں اضافہ کر دیا ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکسپورٹس بھی اچھا ٹرینڈ شو کر رہی ہیں، آئی ٹی میں اضافہ ہو رہا ہے ، وزیراعظم نے وفاق میں 200 یونٹ اور پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک کا ریلیف دیا، مستقبل میں قوم کو مزید خوشخبریاں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ہمارا بچھڑا ہوا بھائی ہے ، ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے ، بنگلہ دیش کا دورہ بھی کروں گا۔