الیکشن ٹربیونلز نے 27فیصدپٹیشنز نمٹادی ،تعداد101ہوگئی

الیکشن ٹربیونلز نے 27فیصدپٹیشنز نمٹادی ،تعداد101ہوگئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)کی عام انتخابات 2024 سے متعلق دائرعذرداریوں پر جاری ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دائر ہونے والی انتخابی عذر داریوں میں سے الیکشن ٹربیونلز کی جانب سے 101 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ، 97 کو مسترد جبکہ 3 کو منظور کیا گیا۔

 جبکہ ایک امیدوار کی وفات پر پیٹشن ردکر دی گئی۔ ٹریکنگ میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال 2024 میں 16 نومبر سے 31 دسمبر کے دوران الیکشن ٹربیونلز نے 51 انتخابی عذرداریوں پر فیصلے کئے ،جس سے نمٹائی جانے والی الیکشن پٹیشنز کی تعداد 101 ہوگئی جوکہ تمام دائر شدہ پٹیشنز کا 27 فیصد ہیں۔ فافن 23 ٹربیونلز میں مجموعی طور پر دائر 377 پٹیشنز میں سے 370 کی ٹریکنگ کرسکا ، اگرچہ ایسی پٹیشنز کو 180 دن میں نمٹائے جانے کا قانونی تقاضا پورا نہیں کیا جاسکا تاہم ٹربیونلز نے انہیں نمٹانے کا عمل تیز کردیا ہے ۔فافن نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا اب بھی بلوچستان کے مقابلے میں پیچھے ہیں جہاں ٹربیونلز نے مجموعی طور پر دائر51 میں سے 41 پٹیشنز کا فیصلہ کردیا ہے ۔ سندھ میں 5 ٹربیونلز نے 83 میں سے 16 اور خیبرپختونخوا میں 6 ٹربیونلز نے 42 میں سے 9 پٹیشنز پر فیصلے کئے ، یہ شرح 20 فیصد بنتی ہے ، پنجاب میں ٹربیونلز نے 191 میں سے 35 پٹیشنز کا فیصلہ سنایا جوکہ 18 فیصد ہے ۔

اب تک صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں سے متعلق ایسی عذرداریوں میں سے ایک تہائی اور قومی اسمبلی حلقوں کی 20 فیصد عذرداریوں کو نمٹایا جاسکا ہے ۔صوبائی حلقوں سے 78 پٹیشنز پر فیصلہ کیا جاچکا ، ان میں 34 بلوچستان ، 25 پنجاب ، 12 سندھ اور 7 خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقوں کی ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقوں سے متعلق نمٹائی جانے والی 23 پٹیشنز میں سے 10 پنجاب سے ، 7 بلوچستان ، 4 سندھ اور دو خیبر پختونخوا سے ہیں ۔جو پٹیشنز مسترد ہوئیں ان میں سے 32 کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے دائر کیا، 13 مسلم لیگ ن اور 13 آزاد امیدواروں نے دائر کیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ 11 امیدواروں کی اور جمیعت علمائے اسلام کے 8 امیدواروں کی پٹیشنز کو مسترد کیا گیا، نیشنل پارٹی کے 4، عوامی نیشنل پارٹی کے 3، جمہوری وطن پارٹی اور پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے دو،دو اور بی اے پی ، بی این پی ، بی این پی اے ، جی ڈی اے ، ہزار ہ پارٹی، حق دو تحریک، جماعت اسلامی، ٹی ایل پی اور خادمین سندھ کے ایک ایک امیدوار کی پٹیشن مسترد ہوئیں۔جو پٹیشنز دائر ہوئیں ان میں مسلم لیگ (ن)کے 32، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 20 ، پیپلز پارٹی کے 13 ، ایم کیو ایم اور غیر حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے 10،10جیتے ہوئے امیدواروں کے خلاف دائر ہوئی تھیں ۔جمعیت علمائے اسلام کے 7، نیشنل پارٹی کے 2 جیتے ہوئے امیدواروں کے خلاف پٹیشنز دائر ہوئیں۔ 21 اپیلز سپریم کورٹ میں دائر ہیں جو کہ ان ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف دائر ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں