سویلینز کا فوجی ٹرائل ،انتخابی دھاندلی کے کیس سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل، لاپتا افراد اور عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کیس سمیت اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر کردئیے ۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7 رکنی آئینی بینچ سویلینز کے فوجی ٹرائل کے خلاف 7 جنوری کو سماعت کرے گا،اسی روز پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی جانب سے انتخابی دھاندلی کی درخواست پر بھی سماعت ہوگی، جبکہ لاپتا افراد کیس پر 8جنوری ،سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ نظر ثانی کیس کے فیصلے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی نظر ثانی درخواست پر 9جنوری کو آئینی بینچ سماعت کر ے گا،10جنوری کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات اور طلبہ یونین کی پابندی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوگی۔