’’9مئی کے واقعات میں ملوث ہونا بڑی غلطی،شرمندہ ہوں‘‘
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)ملٹری کورٹس آف اپیل سے سزائیں معاف کرانے والے 9مئی کے مجرموں کی رحم کی پٹیشنزسامنے آگئیں ، آئی ایس پی آر کے مطابق مجرموں نے اپنی "رحم کی پٹیشنز" میں نو مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی درخواست کی۔
مجرم بلاول حسین نے اپنی رحم کی درخواست میں کہا میرا 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونا بہت بڑی غلطی تھی مجھ پر رحم کیا جائے اور میری معافی کی درخواست قبول کی جائے ،میں نہایت عاجزی کے ساتھ درخواست کرتا ہوں کہ میرے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کیا جائے ،زاہد خان نے کہا میں ریاست کیخلاف اپنے غلط کاموں پر شرمندہ ہوں،سعید عالم نے کہا میں 9 مئی کو ریاست کیخلاف کئے گئے غلط کاموں پر شرمندہ ہوں،میری عاجزانہ درخواست ہے کہ میری رحم کی درخواست کو قبول کیا جائے اور میری سزا معاف کی جائے ،میرے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کیا جائے ، سلیمان نے کہامیں اپنے 9 مئی کے کاموں پر شرمندہ ہوں اب حکام کے ساتھ مکمل تعاون کروں گا،میرے ساتھ رحم کیا جائے ، 9 مئی کو مجھے بعض افراد نے گمراہ کیا،محمد الیاس نے کہا میں اپنی غلطیوں کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں جانتا ہوں میرے عمل سے میرے خاندان کو شرمندگی اٹھانا پڑی،میں انتہائی عاجزی سے درخواست کرتا ہوں حسن سلوک اور نرمی کی جائے ،یاسر نواز نے کہامیں 9 مئی کو ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف لوگوں کو اکسانے والی غلطیوں کا اعتراف کرتا ہوں۔