توشہ خانہ ٹو کیس ،وکیل صفائی غیرحاضر ،گواہ پر جرح نہ ہوسکی

توشہ خانہ ٹو کیس ،وکیل صفائی غیرحاضر ،گواہ پر جرح نہ ہوسکی

راولپنڈی،اسلام آباد (خبر نگار،اپنے نامہ نگارسے )بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت پیر 6جنوری تک ملتوی کر دی گئی،وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔

ملزم بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کو بھی عدالت میں پیش کیاگیا، اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کارروائی کاآغاز کیا تو معاون وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ بشری ٰبی بی کے وکیل ارشد تبریز بیماری کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکے ،سپیشل پبلک پراسیکیوٹرذوالفقار عباس نقوی نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی کو گواہ پر جرح کیلئے عدالت سے استدعا کی ۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ پہلے بشریٰ بی بی کے وکیل گواہ پر جرح مکمل کریں پھر ہم کریں گے ،عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور حکم جاری کیا کہ آئندہ سماعت پر جرح کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر کو احتجاج کے دوران گرفتار 350 سے زائد پی ٹی آئی مظاہرین کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا،درخواستوں کی سماعت کے دوران جوڈیشل کمپلیکس میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پانچ اکتوبر کو احتجاج کے معاملہ پر گرفتار 11 پی ٹی آئی کارکنوں کی بعد از گرفتاری کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں ۔ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں تیمور جھگڑا کی عبوری ضمانت 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے 22 جنوری کو پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیاگیا ۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجدعلی شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے جب کہ انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی روک دی گئی ہے ۔ملزم کے وکیل فیصل ملک نے بتایا کہ علی امین تمام مقدمات میں پہلے ہی پشاور ہائیکورٹ سے 16 جنوری تک ضمانت حاصل کرچکے ہیں اس بناپروارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں