19 افراد کو معافی بڑی پیش رفت نہیں:بیرسٹر گوہر

19 افراد کو معافی بڑی پیش رفت نہیں:بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ 19 مجرموں کی معافی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 19 لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں ۔

حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کیلئے قومی اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بنیادی طور پر 67 لوگوں نے اپیلیں دائر کی تھیں، 19 کو معافی ملی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف ہے ، کسی بھی سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ اس حوالے سے طے کرچکی ہے ۔ قائدحزب اختلاف عمرایوب کا کہناتھاکہ ہم لوگ سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے خلاف ہیں، ٹرائل ہی غلط تھا، لوگوں کو ملٹری کسٹڈی میں نہیں رکھا جاسکتا ۔ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی کے وکلا کی فیسوں سے کسی کو سروکار نہیں ہونا چاہئے ، کسی اور کو کیا تکلیف ہے ؟،ایک یا دو پروفیشنل وکلا کو فیسیں دی گئیں، سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر وکلا بغیر کسی فیس کے کام کر رہے ہیں ۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کے ایک دن جیل میں رہنے پر حکومت کے لاکھوں روپے کا خرچ آتا ہے جبکہ میں عمران خان کے وکلا کی کروڑوں روپے کی فیسوں کو جسٹیفائی نہیں کرتا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے ڈونیشنز آتے ہیں یا پارٹی کے لوگ ڈونیشن دیتے ہیں۔ وکلا کی فیس کی مد میں گزشتہ ایک ماہ میں 7 کروڑ روپے علی امین خان نے ادا کئے ہیں،وکلا کی فیسوں کا حساب کتاب ہونا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں