ڈی چوک احتجاج :250ملزموں کی ضمانت پر رہائی
اسلام آباد ، فیصل آ باد (اپنے نامہ نگارسے ،آئی این پی )انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج پر درج 13 مقدمات میں 250 ملز موں کی ضمانت کی درخواستیں منظور جبکہ 150 ملز موں کی درخواستیں خارج کر دیں۔
جبکہ فیصل آ باد کی انسداد دہشتگر دی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی افضل ساہی اور ان کے ایم پی اے بھائی جنید افضل ساہی کو اشتہاری قرار دیدیا ۔تھانہ بنی گالا کے مقدمہ میں 18 ملز موں کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی گئی، تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں 43 ملزموں کی ضمانتیں منظور جبکہ1 کی درخواست خارج ہوئی ، تھانہ شہزاد ٹائون کے مقدمہ میں 9 ملز موں کی درخواست ضمانتیں منظور کی گئیں ۔ تھانہ نون میں دائر مقدمہ کے 17 ملز موں کی ضمانتیں منظور اور ایک کی درخواست خارج ہوئی ، تھانہ آبپارہ کے مقدمہ نمبر 1022 میں 70 ملز موں کی ضمانتیں منظور ، 25 کی خارج ہوئیں ، تھانہ آئی نائن کے مقدمہ میں 30 ملز موں کی ضمانتیں منظور کی گئیں ، تھانہ مارگلہ کے مقدمہ میں 13 ملز موں کی درخواستیں منظور اور 2 کی خارج کر دی گئیں ، تھانہ سیکرٹریٹ کے 2 مقدمات میں 120 ملز موں کی ضمانتیں خارج ہوئیں اور 10 کو ضمانت مل گئی ۔ تھانہ سہالہ کے 25 اور تھانہ شمس کالونی کے 30 ملز موں کی ضمانتیں منظور کی گئیں ۔ ملز موں کے خلاف 10 تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں ۔فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے سپیشل جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے مقدمات میں عدم پیشی پر دونوں بھائیوں علی افضل اور جنید افضل ساہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ،دونوں بھائیوں کی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔ دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما افضل عادل کی بازیابی کی دوبارہ دائر درخواست کی سماعت عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ، آئی جی پنجاب اورسی سی پی اوکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔