تحفظات ہیں کہ عمران خان پھر یوٹرن نہ لے لیں :بلا ل اظہر
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ہمارے تحفظات ہیں کہ عمران خان پھر یوٹرن نہ لے لیں،مذاکرات کی دوسری نشست میں توقع تھی پی ٹی آئی مطالبات پیش کرے گی تاہم پی ٹی آئی نے مشاورت کیلئے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پہلی اور دوسری نشست میں اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی، 9مئی کے مجرموں کی سزا اگرمعاف ہوگئی ہے تو ٹھیک ہے لیکن نومئی کوسنگین جرائم ہوئے ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت اپنا کام کررہی ہے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ، پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی معاملات کو حل کر لیں گے ۔وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چودھری کاکہناتھاکہ ریاست تحریک انصاف کوآئین وقانون کے مطابق ڈیل کرے ، ہمارے نومئی اور26 نومبر پرجوڈیشل کمیشن بنانے سمیت مطالبات جائز اور آئین و قانون کے مطابق ہیں،حکومت کوسنجیدگی کے ساتھ ہمارے مطالبات پر غورکرنا چا ہئے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو پیشکش کی گئی کہ تین سال تک ملک سے باہر چلے جائیں، بنی گالہ شفٹ ہونے کابھی کہاگیا ، ڈیل کے بارے میں بانی نے خود بتایا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی ٹمپریچر نیچے آنے پر ن لیگ پریشان ہے ، بشریٰ بی بی سے متعلق خبریں بھی اسی لئے پھیلائی جا رہی ہیں۔