پنجاب میں پیپلزپارٹی کو جلد بحال کیاجائیگا:سلیم حیدر
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حید ر خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو بحال کرنا ہے اس کیلئے ہم سب کو باہر نکلنا ہے ،بڑی بڑی شخصیات پی پی میں شامل ہو رہی ہیں۔۔۔
جہاں پیپلزپارٹی کے پاس امیدوار نہیں تھے اب وہاں ہم مقابلے میں آگئے ہیں۔سردار سلیم حید ر خان نے پیپلزپارٹی کے رہنما عزیز الرحمن چن کی رہائش گاہ میں ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو جلد پنجاب میں ایک بار پھر بحال کیا جائے گا،ذوالفقار بھٹو ایک عظیم لیڈر تھے ،ایسا لیڈرصدیوں میں پیدا ہوتاہے ،پھر بے نظیر بھٹو کی شکل میں لیڈر ملی انہیں بھی ہم نے کھو دیا، آج اگر کسی بھی جماعت کے پاس حقیقی لیڈر ہے تو وہ پی پی پی ہے ،آصف زرداری عظیم لیڈر ہیں انہیں کی وجہ سے حکومت قائم ہے انہیں بھی اذیتیں دی گئیں، انہوں نے جیل کاٹی ۔بلاول بھٹو اب جہاں کھڑا ہوتا ہے وہ جگہ بھی خوبصورت نظر آتی ہے وہ شہداکا وارث ہے ،اسے وزیر عظم ہونا چاہئے ۔بلاول بھٹو میں اپنے نانا والا جیسا کرنٹ ہے ، اس ملک کو ضرورت ہے کہ بلاول کووزیر اعظم بنایا جائے ۔تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اور ورکرز کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔ جیالے کیک پر ٹوٹ پڑے ،متعدد جیالوں کے کپڑے ہاتھ اور منہ کیک سے خراب ہو ئے ،سو پاؤنڈ کا کیک چند منٹوں میں ہی ختم ہو گیا ۔