اڑان پاکستان پروگرا م صرف ایک سیاسی بیانیہ:مزمل اسلم
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی حکومت کے سال نو پر اعلان کردہ اڑان پاکستان پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے اسے صرف سیاسی بیانیہ قرار دیا ہے ۔
ایک انٹرویو میں مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اڑان پاکستان پروگرام میں اس کے اتحادی بھی شامل نہیں تھے ۔ 2024 میں ملک کے مزید ایک کروڑ 30 لاکھ لوگ غریب ہو گئے ۔ ن لیگ کی حکومت نے 2 سال میں 75 فیصد مہنگائی کی۔ پہلے سال اس کی شرح 29 اور دوسرے سال 38 فیصد رہی۔مزمل اسلم نے کہا کہ شہباز شریف نے اڑان پاکستان پروگرام اس دن پیش کیا جس دن خود حکومت نے 0.92 ترقی کا نمبر جاری کیا۔ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ 6 اور 9 فیصد ترقی کریں گے جب کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سال بھی 9 فیصد ترقی نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت میں سب سے زیادہ ترقی 6.5 فیصد تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت آج 400 ارب ڈالرز سے بھی کم ہے ۔