ذوالفقاربھٹو نے ملک کومضبوط، خودمختار بنایا:پرویز اشرف
لاہور(سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم وپیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے ذوالفقار علی بھٹو کو 97ویں یوم پیدائش پر پیغام میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ انہوں نے پاکستان کو حقیقی معنوں میں مضبوط، خودمختار اور عوامی ریاست بنایا،وہ عظیم عوامی رہنما تھے جو مزدوروں، کسانوں ، نوجوانوں کی آواز بنے ۔قائد عوام نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا، انکی بصیرت نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع سے آراستہ کیا ، انکا دیاگیا ایٹمی پروگرام ملکی بقا و خودمختاری کی ضمانت ہے ۔ پرویز اشرف نے کہا شہید بھٹو کے ہر فیصلے میں عوامی امنگوں کا عکس جھلکتا تھا، انکی سیاست کا محور اقتدار نہیں عوام کی خدمت تھا،انہوں نے جان قربان کر دی عوام کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، انکی شہادت جمہوریت کے حصول کی جنگ میں لازوال قربانی ہے ، انکی جدوجہد اور قربانی ہمیں ہر مشکل کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ، آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد سے ترقی، انصاف اور جمہوریت کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ عبور کی جا سکتی ہے ، بھٹو کے ویژن کیمطابق پاکستان کو مضبوط، ترقی یافتہ اور خودمختار ریاست بنائینگے ۔