کشمیریوں کی حالت زار دنیا کے ضمیر کا امتحان،بلاول بھٹو
کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ حق خود ارادیت کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کی حالت زار محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں، دنیا کے ضمیر کا امتحان ہے ۔ عالمی برادری کی طرف سے کشمیری عوام کے خلاف ہونے والے مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے ۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ عالمی برادری پر یہ لازم ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے ، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے حصول کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقِ خود ارادیت بین الاقوامی قانون میں شامل ایک بنیادی اصول ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ بھی بنیادی عالمی اصول کے تحت ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو غیرمتزلزل عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا جو اپنی عزت، انصاف اور آزادی کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ آج ہم ان ثابت قدم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جنہوں نے دہائیوں سے بھارتی جبر کا سامنا کیا ہے ۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کاز کے دفاع میں سب سے آگے رہی ہے اور آئندہ بھی ہر پلیٹ فارم سے ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنے مظلوم بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے ۔ آج کے دن ہم کشمیریوں کی آواز کو نئے عزم سے بلند کرنے اور ان کی کاز کا دفاع کرنے کا تجدید ِعہد کرتے ہیں۔