وزارت دفا ع کی 2ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کے حق میں ایک ارب 94کروڑ 5لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔۔۔
جبکہ قومی کمیشن برائے خواتین کیلئے 5.276 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی جو وزارت انسانی حقوق سے فنڈز کی دوبارہ تقسیم پر مبنی ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت، توانائی اور صنعتی شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے بروقت اور موثر پالیسی اقدامات ضروری ہیں، انہوں نے تمام وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ شفافیت اور ذمہ داری کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قومی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ اجلا س میں وزارت اطلاعات و نشریات کی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مالی سال 2024-25 میں 15 منصوبوں کی تکمیل کیلئے 2,462.302 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی تجویز منظور کرلی گئی ۔وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹینیور ٹریک سسٹم کے تحت فیکلٹی ممبران کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے 1.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ،وزارت داخلہ کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس 2024 کے دوران پرتشدد مظاہروں میں تباہ شدہ سیف سٹی کیمروں کی مرمت اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ضروریات کیلئے 650.357 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور وزارت داخلہ کی درخواست پر اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے بقایا معاہدہ رقم کے 5 فیصد کی ادائیگی کیلئے میسرز ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی لمیٹڈ کو 6.170 ملین امریکی ڈالر (تقریبا ً 1.72 ارب روپے )ادا کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔ ای سی سی نے وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اخراجات پورے کرنے کیلئے 1.679 ارب روپے کی منظوری دی ۔