لکی مروت: دہشتگردوں کی فائرنگ، کیش وین پر راکٹ حملہ، 3 افراد شہید

لکی مروت: دہشتگردوں کی فائرنگ، کیش وین پر راکٹ حملہ، 3 افراد شہید

پشاور،لکی مروت (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار اورکیش وین پر راکٹ لانچروں سے حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے علاقے خیروخیل پکہ میں تھانہ غزنی خیل کی حدود جابوخیل کے قریب 2پولیس اہلکار حکمت اللہ اور خان بہادر موٹرسائیکل پر سوار ڈاک لینے تھانوں میں جا رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی ، شہید حکمت اللہ تھانہ پیزو اور شہید خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے ، دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ لکی مروت میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی اورجسدخاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے ۔ پولیس حکام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور علاقہ کے عمائدین کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ لکی مروت کے ہی علاقے منجی والا کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے کیش وین پر راکٹ لانچروں سے حملہ کیا، حملے میں وین کے ساتھ موجود ایک نجی کمپنی کا سکیورٹی گارڈ شہید اور 2 افرادزخمی ہوگئے ۔پولیس نے علاقے کو گھیر کر تحقیقات کا آغاز کردیاہے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور دکھ کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں نے جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی،خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیااورلواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں