وفاقی حکومت سندھ کو سوتیلا سمجھتی ہے ، بلاول بھٹو
کراچی(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارا خاندان 3 نسلوں سے کراچی کی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے ،’’پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ‘‘ کے تحت شہر کے مسائل کا حل نکالیں گے۔
صوبہ سندھ کے ساتھ وفاق ہمیشہ سے سوتیلی ماں کا سلوک کرتا آیا ہے ۔وسائل کی تقسیم غیر منصفانہ ہے ، اگر حق ٹھیک طریقے سے نہیں ملتا تو سہولیات فراہم کرنا بہت مشکل ہے ۔کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے کے فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ د ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں کراچی کی ترقی کے لیے بے پناہ منصوبے دیئے گئے ۔شارع فیصل سے اسٹیل مل تک قائد عوام نے شہر کے انفرااسٹرکچر ، صنعتی ترقی، عوام کو روزگار دلوانے میں انقلابی کام کروایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سابق میئرمصطفی ٰ کمال سے پوچھ لیں کراچی کے لیے سب سے زیادہ فنڈز آصف علی زرداری نے دیئے ۔میرے پسندیدہ منصوبے ‘‘شاہراہ بھٹو’’ کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے ۔
سندھ حکومت کی وجہ سے 100 روپے کا ٹول ٹیکس رکھا گیا ہے اور امید ہے یہ اتنا ہی رہے گا۔پی پی چیئرمین نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے درخواست کی کہ کراچی کی تاجر برادری کو مطمئن کیا جائے ، کاروباری طبقہ دوستی یاری میں کام نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کا دیرینہ مسئلہ ہے ،اپنی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی میں اس مسئلے پر زیادہ سے زیادہ ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے کراچی کی ترقی ضروری ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا اصول مجبوری میں اختیار کر رہے ہیں، وفاق کی جانب مختلف بہانے بنا کر سندھ کو وسائل نہیں دیئے جاتے ۔ پیپلزپارٹی انتہا پسندی کی سیاست نہیں کرنا چاہتی۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے پرخود اپنی گاڑی ڈرائیو کی،انہوں نے ایکسپریس وے پر 100 روپے ٹول ٹیکس بھی ادا کیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہ بھٹوبنانے میں ہمیں بہت دیرہوگئی ہے ،مشرف کے لوکل گورنمنٹ آرڈر کے ذریعے شہر کی بغیر منصوبہ بندی ترقی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے میگا پراجیکٹس شروع کرنے کی ضرورت پڑی ۔ مراد شاہ کا کہنا تھا کہ شاہراہ بھٹو کے 9.1 کلومیٹر طویل حصے قیوم آباد میں شہید ملت ایکسپریس وے سے شاہ فیصل انٹر چینج تک کا افتتاح شہر کے لیے ایک تبدیلی کے قدم کے طور پر منایا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی پی پی بنیادی اسٹرکچر کے منصوبوں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے ۔مراد علی شاہ نے ممتاز مقامی سرمایہ کاروں کو صوبائی حکومت کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)ماڈل کے تحت شروع کیے جانے والے اہم منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے اور اس کے رہائشیوں کی بہتر خدمت کے لیے اضافی 400 ایم جی ڈی پانی کراچی لانے کا وعدہ کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید اور دیگر بھی موجود تھے ۔