مکمل امن ہونے تک ترقی ممکن نہیں،190ملین پاؤنڈ سے جدید دانش یونیورسٹی بنانیکا فیصلہ کرلیا:شہباز شریف

مکمل امن ہونے تک ترقی ممکن نہیں،190ملین پاؤنڈ سے جدید دانش یونیورسٹی بنانیکا فیصلہ کرلیا:شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے جب تک ملک میں مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، رواں ماہ ترسیلات زر 13.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو خوش آئند بات ہے۔

اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے زراعت، انڈسٹری، کامرس، فنانس، آئی ٹی، معدنیات اور میری ٹائم انتہائی اہم شعبے ہیں، ریلویز کی مکمل ٹرانسفارمیشن کی جائے ، ہر سہ ماہی بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،190 ملین پاؤنڈ واپس کرنے پر چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ا داکرتے ہیں ، اس رقم سے جدید ترین دانش یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رمضان میں پرائس کنٹرول نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے ، یقینی بنایا جائے کوئی بھی ناجائز منافع خور سزا سے بچ نہ پائے اور کوئی بے گناہ زیرعتاب نہ آئے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو اور اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا۔ حالیہ توسیع کے بعد یہ وفاقی کابینہ کا پہلا باضابطہ اجلاس تھا۔ وزیراعظم نے نئے کابینہ ا رکان کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا نئے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی شمولیت سے حکومت کی کارکردگی میں بہتری اور نکھار آئے گا، ہم مل کر ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے ۔ آئی ایم ایف کی معاونت سے معاشی استحکام آیا ہے ، ہمیں ملکی ترقی کے لیے محنت کرنی ہے ۔

معاشی شعبہ سے منسلک اداروں کی کارکردگی اور معاملات تسلی بخش ہیں، آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کے دورے پر ہے ، ان کے ساتھ وزیر خزانہ اور متعلقہ حکام بات چیت کر رہے ہیں، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی جیسے اقدامات کئے ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے زراعت، انڈسٹری، کامرس، فنانس، آئی ٹی، معدنیات اور میری ٹائم انتہائی اہم شعبے ہیں، ریلویز کی مکمل ٹرانسفارمیشن کی جائے ، میری ٹائم کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت ہے ، ہر سہ ماہی بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے نتائج قوم کے سامنے لائیں گے ۔انہوں نے کہا ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ان کی خدمت کرنے آئے ہیں، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے اور منزل کو حاصل کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے جس میں روزانہ پولیس، افواج کے افسر اور جوان شہید ہو رہے ہیں، جب تک مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا، ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، افواج پاکستان، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رہیں گی۔ انہوں نے کہا 190 ملین پاؤنڈ سے جدید ترین دانش یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، دانش یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز، آئی ٹی، اے آئی، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جدید تعلیم دی جائے گی، 14 اگست 2026 سے اس یونیورسٹی کا باضابطہ پہلا سیشن شروع ہوگا۔

وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا اسلام آباد کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی انتہائی بہتر اور مؤثر رہی ۔وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجیئس ایجوکیشن کو وزارت وفاقی تعلیم کا ملحقہ محکمہ بنانے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیکنیکل ٹیم/کوآرڈی نیشن سینٹر آف چائنہ کے درمیان سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی سفارش پر اقوام متحدہ کی انٹر نیشنل ٹیلی کام یونین اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ، حکومت پاکستان کے درمیان آئی ٹی یو ایکسلیریٹر سینٹر کے قیام کے حوالے سے معاہدے کی منظوری بھی دے دی۔کابینہ نے سید جرار حیدر کاظمی کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے ،کموڈور (آپس)رضوان علی منور کی بطور کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈیمی کراچی کی مدت میں ایک سال توسیع ،انجینئر سید مسرت حسین کو پاکستان رئیل سٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 فروری اورکابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 4 مارچ کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے ہیں جو دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں استعمال کئے جائیں گے ۔وزیراعظم نے 190 ملین پاؤنڈز کی رقم کی وفاقی حکومت کو منتقلی پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے دانش سکولوں کے بعد دانش یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا دانش یونیورسٹی ایک ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق اور لائق طلبا کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا، 190 ملین پاؤنڈز دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں استعمال کئے جائیں گے ۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے لئے قانونی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے چارٹر اور دیگر قانونی معاملات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ہدایت کی یونیورسٹی کی عمارت کا سادگی میں عنصر نمایاں ہو ، عمارت کو سرخ اینٹوں سے تعمیر کیا جائے اور کوئی غیر ضروری خرچ نہ کیا جائے تاکہ لاگت کم سے کم ہو۔ انہوں نے ہدایت کی دانش یونیورسٹی کا نصاب جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا جائے ۔ وزیر اعظم نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے حوالے سے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا وزیراعظم دانش یونیورسٹی کے پیٹرن ہوں گے ، یونیورسٹی کی رجسٹریشن سیکشن 42 کمپنی کے طور پر کی جائے گی جس کے لئے تمام ضروری معاملات چند ہی روز میں مکمل ہو جائیں گے ، دانش یونیورسٹی کے لئے سیکٹر ایچ 16 میں زمین کا انتخاب کیا گیا ہے ، دانش یونیورسٹی کے امور دانش ٹرسٹ کے زیر تحت ہوں گے تاکہ ادارہ اپنے مالی امور میں خود مختار ہو اور اس میں حکومتی عمل دخل کم سے کم ہو ، شگر، گلگت اور باغ میں جلد ہی دانش سکولز کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ، آزاد جموں و کشمیر کے علاقے نیلم ویلی اور کراچی کے پسماندہ علاقوں میں بھی دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے عوامی نمائندوں اور وزرا کو رمضان بازار، سہولت سٹالز اور دیگر مختص مقامات کے دورے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پرائس کنٹرول کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کے لئے قائم کردہ کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ شہباز شریف نے چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو شاہراہ قراقرم کی فوری بحالی کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی سڑک سے رکاوٹیں ہٹانے کا کام تیز کیا جائے اورشاہراہ قراقرم پر چلاس کے مقام پر پھنسے ہوئے مسافروں خصوصاً بزرگوں، خواتین اور بچوں کو کھانے پینے کی سہولت فراہم کی جائے اور راستہ کھلنے تک ان کی رہائش کا بندوبست بھی کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں