جعفر ایکسپریس حملے پرمنفی پروپیگنڈا پی ٹی آئی کارکن 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد، لاہور(اپنے نامہ نگار سے، کورٹ رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے جعفرایکسپریس واقعہ پرمنفی پروپیگنڈا اورتضحیک آمیزمواد ٹویٹ کرنے پر درج مقدمہ میں گرفتار پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران ایف آئی اے حکام نے گرفتار ملزم حیدر سعید کو عدالت میں پیش کیااورایف آئی اے کیجانب سے ملزم کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ایف آئی اے کیجانب سے ملزم کو دوبارہ 20 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا،ملزم کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے ۔لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن فرحان احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل نے فرحان احمد کی اہلیہ آمنہ فرحان کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی اور درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔