جیل سپرنٹنڈ نٹ سے عمران سے ملاقاتوں کا طریقہ کار طلب

اسلام آباد، راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ، دنیا نیوز، خبر نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں میں اڈیالہ جیل سپرنٹنڈ نٹ سے ملاقاتوں کا شیڈول اور طریقہ کار طلب کرلیا۔
گزشتہ روز قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان لارجر بینچ میں سماعت کے دوران سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ بانی پی ٹی آئی کی آؤٹ آف شیڈول اور جیل مینوئل کے علاوہ بھی ملاقاتیں کرا رہے ہیں، عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے بانی سے ملاقاتیں کرنے والوں کا ریکارڈ اور جیل ملاقاتوں کا طریقہ کار دریافت کیا، جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 24مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔ادھر انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔گزشتہ روز درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران بشریٰ کیجانب سے حاضری سے استثنیٰ اور شامل تفتیش ہونے کی درخواست دائرکی گئی ، عدالت نے بشریٰ کی عبوری ضمانت میں پانچ مئی تک توسیع کردی اور عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔ ادھر اڈیالہ جیل میں بانی سے دوستوں کی ملاقات نہ ہو سکی ، وفد واپس آگیا ۔ جمعرات کو فرینڈز میٹنگ ڈے پر بانی سے ملاقات کے لئے علامہ ناصر عباس ،صاحبزادہ حامد رضا ، وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چودھری اور اعظم سواتی ملاقات کے لئے جیل پہنچے جبکہ عمر ایوب ، جنید اکبر اور اسد قیصر نہ آ سکے ۔ملاقات کا وقت ختم ہونے تک ان رہنماؤں کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ کئی کئی گھنٹے انتظار کرواکے پھر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔پتہ نہیں حکومت کو کس بات کا خوف ہے ۔عید کے بعد اپوزیشن کا اتحاد پوری طرح سامنے آئے گا۔