شمالی، وسطی ، جنوبی پنجاب میں فرانزک لیبز قائم کرنیکا فیصلہ

لاہور(سیاسی نمائندہ)محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے تحت شمالی، وسطی اور جنوبی پنجاب میں نئی لیبز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
اس حوالے سے عملی اقدامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فرانزک سائنس اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 8 ارب روپے کے فنڈز دے دئیے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فرانزک سائنس ایجنسی کو اتھارٹی کا درجہ دے کر ادارے میں غیر معمولی اصلاحات لائی جارہی ہیں، نئے قانون میں فرانزک سائنس اتھارٹی کو کرائم سین کے تحفظ اور فرانزک مواد کی نقل و حمل کا مینڈیٹ دیا گیا ہے ۔ منصوبے کے مطابق پنجاب بھر میں اتھارٹی کے اپڈیٹڈ دفاتر اور لیبز کے قیام سے ان علاقوں کے کیسز کو وہیں ڈیل کیا جاسکے گا۔ یاد رہے کہ نئے منظور شدہ قانون کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی بورڈ کی سربراہ ہوں گی جبکہ اتھارٹی کیلئے ایک وائس چیئرپرسن کی تعیناتی کریں گی۔