خیبر پختونخوا:فائرنگ،2پولیس اہلکار شہید:ڈی جی خان:چیک پوسٹ پر حملہ ناکام
لاہور،پشاور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی)خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان اورسوات میں فائرنگ کے واقعا ت میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں پولیس چیک پوسٹ پرحملہ ناکام بنادیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ہسپتال روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس سے ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی د م توڑ گیا ،حملہ آور فرار ہوگئے جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیاگیاہے ۔دوسری طرف سوات کے علاقے فضاگٹ کے مقام پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران ملزم اشتہاری احمدزیب کے گھر پر چھاپا ماراگیا تو ملزم نے فائرنگ شروع کردی،جس کے نتیجے میں اے ایس آئی امجد اقبال زخمی اور کانسٹیبل نیاز محمد سکنہ اسلام پور گولی لگنے سے شہید ہوگئے ۔ زخمی اور جاں بحق کانسٹیبل کو سنٹرل ہسپتال سیدو شریف منتقل کردیا گیا جب کہ اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس آپریشن جاری ہے ۔ پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خوارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔خوارجی دہشت گردوں نے پنجاب اورخیبرپختونخوا بارڈر پر تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ پانچواں حملہ کیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سحری کے وقت 10 سے 12 خوارجی دہشتگرد چیک پوسٹ لکھانی پر تین اطراف سے حملہ آور ہوئے اورحملہ میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔پولیس اہلکاروں نے الرٹ ہونے پر تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کر لی اوربھرپور جوابی کاروائی سے دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے جبکہ دو گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے ۔