چرچ میں اذان اور نماز مغرب،مسیحیوں، مسلمانوں کی ملکرافطاری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)’’بین المذاہب ہم آہنگی‘‘سرگودھا کے تحت یونیورسٹی روڈ پر واقع مرکزی چرچ میں مسیحی برادری اور اہل اسلام نے ایک ساتھ روزہ افطار کر کے اتحاد واتفاق کا عملی مظاہرہ کیا۔
چرچ میں اذان دے کر نماز مغرب ادا کر کے علاقہ میں قیام امن اور ملک و شہر میں امن وامان اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کے لئے مل کر جدجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا،اس موقع پر قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب کے جنرل سیکرٹری ملک ضیاء الحق، سیکرٹری اطلاعات شیخ نعیم طاہر،سٹی صدر حسن امین،مرکزی اتحاد العلماء کے کنوینئر قاری عبدالوحید، مولانا نگاہ مصطفے چشتی، پروفیسر ہارون رشید تبسم، سابق اقلیتی رکن اسمبلی طاہر نوید چو دھری،تینوں مکاتب فکر کے علماء تمام چرچز کے پادری صاحبان نے کہا کہ ایک ساتھ روزے آ جانے پر مل کر روزہ افطار کر کے چرچ میں نماز ادا کی گئی ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، اور بھائی چارے کی درخشاں مثال ہے ۔ شرکا نے کہا کہ چرچ میں منعقدہ تقریب نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مثبت پیغام دیا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک پرامن ملک ہے ، جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے باہمی محبت، عزت اور رواداری کے اصولوں کے تحت زندگی بسر کر رہے ہیں۔