خیبر پختونخوا:ٹریفک حادثات میں11افراد جاں بحق

ملاکنڈ، شانگلہ (نمائندہ دنیا، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران خواتین اور بچی سمیت 11افراد جاں بحق، 3زخمی ہو گئے ۔
ملاکنڈ کے علاقے سخاکوٹ میں کار نہر میں گرنے سے 3خواتین اور بچی سمیت 5افرادجاں بحق ہوئے ، کار تحصیل درگئی کے علاقہ دوبندئی آرہی تھی کہ گزشتہ رات مہاجر کیمپ خٹکو شاہ کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی، ڈرائیور امتیاز حسین ساکن اسلام آباد،مسماۃ (ر)، مسماۃ (م)،مسماۃ (آ) اورایک کمسن بچی مناہل ڈوب کر جاں بحق ہو گئی جبکہ اسماعیل خان بچ گیا۔ ریسکیو 1122کی ٹیم نے لاشیں تحصیل ہسپتال درگئی منتقل کر دیں۔ شانگلہ میں الپوری کے نواحی علاقے ملک خیل کوٹکے میں جیپ کھائی میں جا گری، حادثہ میں 6افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوئے ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا، ریسکیو1122 کے مطابق حادثہ میں 6افراد موقع پر دم توڑ گئے ، لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال الپوری منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد میں سلمان خان، رحمت اللہ، امیرسہیل، فضل بٹ، فیصل خان جبکہ زخمیوں میں سرفراز، ظفر اور نصیب شامل ہیں جن کا تعلق تحصیل پورن سے ہے ۔