فضل الرحمن کیخلاف باتیں بانی کے مشن کا نقصان :سلما ن اکرم
اسلام آباد(دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر عید کے بعد توہین عدالت کی پٹیشن دائر کریں گے۔
جو بھی مولانافضل الرحمن کے خلاف غلط بات کرتا ہے وہ بانی پی ٹی آئی کے مشن کو نقصان پہنچا رہا ہے ،ہم نہیں چاہتے کہ سڑکوں پرآئیں، لیکن مجبور کیا تو ضرور آئیں گے ۔دنیانیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ میں بانی پی ٹی آئی سے ملا وہ تمام باتوں سے واقف تھے ،عمران خان نے مجھے کہا کہ میں نے جو کیا وہ ٹھیک کیا۔انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ عدالتوں کے احکامات کی اہمیت نہیں، ہم عیدکی چھٹیوں کے بعد توہین عدالت کی پٹیشن دائر کریں گے ۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اہم ہیں ناکہ پریس کانفرنس، میرے حوالے سے جو بھی کچھ کہا جا رہا ہے وہ غیر اہم ہے ، میرے خلاف وہ بات کر رہے ہیں جن کا پارٹی میں پہلے بھی کوئی عمل دخل نہیں تھا۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے مشاورت ہو رہی، وقت کے ساتھ سب کچھ ہوگا، پارٹی سے میں کسی کو نہیں نکالتا، یہ فیصلے عمران خان کے ہوتے ہیں۔ رہنماجے یوآئی ف حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اورہمارے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں تاہم پی ٹی آئی کو اپنے اندرانتشاری آوازوں کوسمجھانا ہو گا، علی امین گنڈاپور کی بیماری اور پریشانی کی وجہ جاننی ہوگی۔چلے ہوئے کارتوسوں کا نقصان ہماری جماعت کو نہیں پی ٹی آئی کو خود ہو گا، اگر قربانی دینی پڑی تو پی ٹی آئی کو بھی دینی ہو گی۔ان کاکہناتھاکہ ضروری ہے کہ ملک میں نئے الیکشن ہوں اور آئین کی بالادستی ہو، ماضی میں جو چیزیں ممکن نہیں تھیں عید کے بعد ہو سکتا ہے ممکن ہو جائیں۔ ہرسیاسی جماعت کیلئے جے یوآئی کے دروازے کھلے ہیں۔