منرلز بل منظور ہوگا یا وزیراعلیٰ کی چھٹی ہوگی:گورنر پختونخوا

منرلز بل منظور ہوگا یا وزیراعلیٰ کی چھٹی ہوگی:گورنر پختونخوا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انہیں عہدہ سنبھالے ایک برس گزر گیا ہے مگر وزیراعظم شہباز شریف صوبے کے دورے پر نہیں آئے ۔

 ہفتہ کو پشاور میں صحافیوں سے گفتگو میں اُنکا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم کو کسی سانحے کا انتظار ہے جسکے بعد وہ پشاور آکر فوٹو سیشن کرائیں گے ۔پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی گورنر کا یہ شکوہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اُنکی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی گزشتہ روز سندھ میں نہروں کے مسئلے پر وفاقی حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ گورنر کے پی کے نے صوبے میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، وہ نوکری کر رہے ہیں اور جو ٹاسک اُن کو اسلام آباد سے دیا جاتا ہے وہ اچھے بچوں کی طرح اس کو مکمل کرتے ہیں۔

گورنرنے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز بل صوبائی اسمبلی سے منظور ہوگا یا پھر وزیراعلٰی کی چھٹی ہوگی۔ اب چند دنوں میں وزیراعلٰی کی نوکری جائیگی یا پھر بل منظور ہوگا۔ گنڈاپور کو نوکری اسی شرط پر ملی ہے کہ وہ وعدے پورے کرینگے ۔گورنر نے وزیراعلٰی گنڈاپور کی جانب سے پنجاب میں وکلا تنظیموں کو فنڈ دینے پر بھی تنقید کی اور کہا ہمارے صوبے کے عوام کے ٹیکسوں کے پیسے لاہور میں عیاشیوں پر اڑائے جا رہے ہیں،صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے اور کرپشن بھی ہے ،حکومت کے لوگ ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگا رہے ہیں اگر کوئی ادارہ خاموش ہے تو وہ نیب اور ایف آئی اے ہے جو یہاں کے معاملات کا نوٹس نہیں لیتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں