قوم کل پیغام دے وہ اسرائیل امریکا سے نفرت کرتی :حافظ نعیم

قوم کل پیغام دے وہ اسرائیل  امریکا سے نفرت کرتی :حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کل 26اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکا پر مشتمل مثلث کیخلاف ہے۔

 قوم متحد ہو کر پیغام دے کہ وہ ان تینوں سے نفرت کرتی ہے اور اہل غزہ کے ساتھ ہے ، شیطانی ٹرائی اینگل پوری دنیا میں بدامنی کا سبب ہے ۔پشاور میں آل تاجران غزہ یکجہتی جرگہ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے آبی جارحیت کی، پاکستان عالمی عدالت سے رجوع کرے ، معاہدہ کے آرٹیکل 12کے مطابق ایک ملک اسے ختم نہیں کر سکتا، عالمی برادری مودی حکومت کے یکطرفہ اقدام کا نوٹس لے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کیخلاف پوری قوم کو متحد کرے ۔ کل پہیہ جام کیلئے ٹرانسپورٹر سے بھی رابطے کررہے ہیں، ملک بھر میں شٹرڈاؤن کے ساتھ پہیہ جام بھی ہو گیا تو دنیا کو مزید واضح پیغام جائے گا، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ مکمل یکسوئی سے ہڑتال کریں، پوری دنیا کو پتا لگنا چاہیے کہ ہم فلسطین کے ساتھ ہیں۔ اسرائیل گزشتہ ڈیڑھ برس سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ حماس نے پوری انسانیت کو مزاحمت کا درس دیا، امت میں قبلہ اول اورمسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے موجودہ بیداری کا کریڈٹ بھی حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کو جاتا ہے ، ابراہیم معاہدہ کے ذریعے اسرائیل کی بالادستی کے قیام کی امریکی سازش حماس کے مجاہدین نے ناکام بنا دی، صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے پاکستان، سعودی عرب، انڈونیشیا ودیگر ممالک پر دباؤ تھا، اب کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا حکمران بھارت کے سامنے بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں، اس نے اس سے قبل بھی ایسے ڈرامے رچائے ہیں ۔ حکومت تمام اپوزیشن پارٹیوں سے رابطے کرے ، سیاسی ورکرز اختلافات بالائے طاق رکھ کر بھارت کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں