والد کی رہائی کیلئے زیادہ آپشن نہیں بچے :عمران خان کے بیٹوں کی گفتگو

والد کی رہائی کیلئے زیادہ آپشن نہیں  بچے :عمران خان کے بیٹوں کی گفتگو

اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں نے کہاہے کہ بانی کی رہائی کیلئے ہمارے پاس زیادہ آپشن نہیں بچے ،ہم اپنے والد کی رہائی کے حوالے سے ہر اس حکومت سے اپیل کریں گے جو آزادی اظہار اور حقیقی جمہوریت کی حامی ہو،ہمارا مقصد صرف اپنے والد کو قید سے آزاد کرانا، پاکستان میں جمہوریت لانا اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانا ہے ۔

سلمان خان اور قاسم خان کے سوشل میڈیا انفلوئنسر ماریو نوفل کو دئیے گئے انٹرویو میں ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنے والد کی قید سے متعلق اب بولنے کا فیصلہ کیوں کیا؟جس پر قاسم خان نے بتایاکہ ہم نے قانونی راستے اختیار کیے اور ہر وہ راستہ آزمایا جس سے ہمیں لگا کہ عمران خان قید سے باہر آسکتے ہیں لیکن ہمارے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ اتنے عرصے تک اندر رہیں گے جبکہ اب حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر انسانی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔قانونی راستوں سے اب تک کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے پر سلمان خان نے کہاکہ ہم نے تمام دیگر آپشنز اور قانونی راستے آزما لیے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ جیسے سب کچھ بالکل خاموش ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ عالمی برادری سب کچھ دیکھے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سیاست میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں اور اس انٹرویو میں بولنے سے پہلے انہوں نے عمران خان سے اجازت لی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں