بجٹ میں تعلیم کا حصہ 13 فیصد بڑھایا جا رہا : وزیراعلیٰ پختونخوا
پشاور (نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
گزشتہ 77 سالوں سے سکالرشپس انڈومنٹ فنڈ 1.2 ارب روپے تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے بڑھا کر 2.4 ارب روپے کر دیا، 1500 نرسز کی بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے تربیت کرائی گئی ہے ۔ صحت کارڈ پلس میں لیور ٹرانسپلانٹ، بون میرو اور کڈنی ٹرانسپلانٹ جیسے مہنگے علاج شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے صوابی میں گجو خان میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا مریض آپ کو اپنا مسیحا سمجھتے اور اعتماد کرتے ہیں، اس اعتماد کو برقرار رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہیلتھ انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور ہسپتالوں کو تمام ضروری آلات فراہم کرنے پر کام جاری ہے ۔ پشاور کے علاوہ ریجنز کی سطح پر کارڈیک سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کا قرضہ اتارنے کیلئے 150 ارب روپے مالیت کا فنڈ قائم کیا گیا تھا جس سے یومیہ 4 کروڑ روپے آمدن ہو رہی ہے ۔ 60 ارب روپے لائیبیلٹی اتاری گئی ، پنشن فنڈ سے نکالے گئے 30 ارب روپے واپس کر دیئے گئے۔