بجٹ مسترد، تنخواہوں میں معقول اضافہ کیا جائے : پیپلز پارٹی
لاہور،کراچی(سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر)حکومت اتحادی پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی آواز بلند کرتے ہوئے قرارداد جمع کروا دی۔
قرارداد پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے جمع کروائی۔جس کا متن تھا کہ یہ ایوان حکومت پنجاب سے پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ موجودہ شدید مہنگائی اور معاشی دباؤ کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے ۔حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابقہ ایڈ ہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے ۔قرارداد پر قاضی احمد سعید،رئیس نبیل احمد، نیلم جبار ، سید علی حیدر گیلانی، ممتاز چانگ اور شازیہ عابد کے دستخط موجود ہیں ۔دوسری طرف پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ سولر پینلز پر 18 فیصد ٹیکس مسترد کرتے ہیں۔ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ بھی ناکافی ہے ، حیدرآباد اور کراچی موٹروے 400 ارب منصوبے پر صرف 15 ارب روپے رکھ کر مذاق کیا گیا،بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، پٹرولیم مصنوعات میں اضافی ٹیکس سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ادھرپی پی رہنما اور صوبائی وزیرناصرحسین شاہ نے سولر پینلز پر ٹیکس کی تجویز کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے غریب متاثر ہو گا، ایک شخص نے بھی بجٹ کی تعریف نہیں کی، بجٹ پر پیپلزپارٹی کے سخت تحفظات ہیں، حکومت تجاویز کو اہمیت دے۔