حجاج کی واپسی شروع، پہلے روز جدہ سے 4 پروازوں کی آمد

لاہور،اسلام آباد (نیوز رپورٹر،اپنے رپورٹر سے) پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز ہوگیا ۔ حجاج کرام کو وطن واپس پہنچانے کیلئے پہلے روز جدہ سے چار پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں میں آئیں۔
پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 936 لاہور ایئر پورٹ پہنچی، پرواز سے 328حجاج کرام لاہور پہنچے ۔ پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر آغا ظہیر الدین، سٹیشن منیجر اشفاق اعوان، ایئر پورٹ منیجر، چیف سکیورٹی آفیسر اور پی آئی اے حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ قومی ایئرلائن کی حج پرواز پی کے 732جدہ سے 340حجاج کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل اوروزارت مذہبی امور و ایئرپورٹ حکام نے استقبال کیا۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ سی ای او پی آئی اے ایئروائس مارشل عامر حیات حجاج کی وطن واپسی کے آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں ۔ پی آئی اے کابعد از حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا۔